کارڈف کے سوفیا گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ لیام ڈاؤسن کی 3 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سری لنکا کی ٹیم انگلینڈ کو 146 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے جارحانہ آغاز کیا اور 4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 48 رنز بنا لیے۔ تاہم اوپنر اینیورین ڈونلڈ 21 اور جوز بٹلر 30 رنز بناکر یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد انگلینڈ کا اسکور 55 رنز پر 2 وکٹ ہوگیا۔
کپتان ہیری بروک نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ایک اوور میں 3 چھکے لگائے، تاہم وہ 23 رنز بناکر ونیندو ہسرنگا کی گیند پر ایشان ملنگا کے ہاتھوں شاندار ڈائیونگ کیچ پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد ٹام بینٹن نے ذمہ داری سنبھالی اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 24 گیندوں پر ناقابلِ شکست 52 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں متعدد چوکے اور چھکے شامل تھے۔
انگلینڈ نے 146 رنز کا ہدف صرف 12.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، یوں اسے 47 گیندیں باقی رہتے ہوئے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی۔
اس فتح کے ساتھ انگلینڈ نے 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ میزبان ٹیم نے منگل کو ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں سری لنکا کو 119 رنز سے شکست دی تھی۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کی یہ ٹی20 فارمیٹ میں سری لنکا کے خلاف مسلسل 14ویں کامیابی ہے۔
میچ کے دوران جوز بٹلر نے ٹی20 کرکٹ میں ایک اہم سنگ میل بھی عبور کیا اور وہ اس فارمیٹ میں 15 ہزار کیریئر رنز مکمل کرنے والے پہلے بلے باز بن گئے۔
کامیابی کے بعد انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ آج رات ہماری کارکردگی شاندار رہی اور ہم نے انتہائی عمدگی سے کھیل پیش کیا۔ سری لنکا نے جارحانہ آغاز کیا لیکن گیند کے ساتھ جس انداز میں ہم نے واپسی کی وہ قابلِ تعریف تھا۔
انہوں نے لیام ڈاؤسن کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاؤسن نے کھیل کو جس انداز میں سمجھا اور پڑھا، وہ شاندار تھا۔







