انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امریکہ کی کرکٹ تنظیم یو ایس اے کرکٹ کی رکنیت فوری طور پر معطل کر دی ہے۔
یہ فیصلہ متعدد بار ضابطوں کی خلاف ورزی، ناقص حکومتی ڈھانچے، اور اولمپک اہداف کو خطرے میں ڈالنے جیسے اقدامات کے تناظر میں کیا گیا۔
آئی سی سی کی جانب جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، گزشتہ ایک سال کے دوران متعدد بار مشاورت اور تنظیمی کارکردگی کے جائزے کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یو ایس اے کرکٹ بارہا آئی سی سی کے آئینی تقاضوں کو پورا کرنے میں ناکام رہا، جس میں فعال حکمرانی کا ڈھانچہ قائم کرنے میں ناکامی بھی شامل ہے۔
اعلامیہ کے مطابق امریکی اولمپک و پیرا اولمپک کمیٹی کے ساتھ قومی گورننگ باڈی کا درجہ حاصل کرنے میں پیش رفت نہ ہونا، اور ایسی سرگرمیاں شامل ہیں جن سے امریکہ اور دنیا بھر میں کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔

اگرچہ رکنیت کی معطلی ایک سخت اقدام ہے، لیکن آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ یہ قدم کھیل کے طویل المدتی مفادات اور کھلاڑیوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر تھا۔
آئی سی سی نے معطلی کے باوجود یو ایس اے کی قومی ٹیموں کو آئی سی سی ایونٹس میں شرکت کی اجازت دی ہے، بشمول 2028 میں لاس اینجلس میں ہونے والے اولمپکس کی تیاریوں کے لیے بھی۔
آئی سی سی نے کہا ہے کہ وہ امریکی کھلاڑیوں کے بہترین مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلیٰ کارکردگی کے پروگرامز کو جاری رکھے گا، تاکہ ملک میں کرکٹ کا معیار بلند کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ سپرفور مرحلہ: پاکستان نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی
واضح رہے کہ یو ایس اے کرکٹ کو 2024 کی آئی سی سی جنرل میٹنگ میں نوٹس پر رکھا گیا تھا، اور انہیں 12 ماہ کی مہلت دی گئی تھی تاکہ وہ ضوابط کی خلاف ورزیوں کو دور کر سکیں۔
جولائی میں یو ایس اے کرکٹ نے آئی سی سی بورڈ سے وعدے کیے تھے، جن کی بنیاد پر اس وقت معطلی کا فیصلہ مؤخر کیا گیا تھا لیکن آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ان وعدوں پر عمل نہ کرنے اور مسلسل بے ضابطگیوں کی بنیاد پر معطلی کا فیصلہ کرنا پڑا۔







