ٹوکیو میں جاری ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کے جیولن تھرو کے اسٹار ارشد ندیم فائنل میں میڈل حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے۔
فائنل مرحلے میں ارشد ندیم نے پہلی باری میں 82.73 میٹر کی تھرو کی، دوسری باری میں ان کی تھرو فاؤل قرار پائی جبکہ تیسری باری میں وہ صرف 82.75 میٹر تک محدود رہے۔
تینوں باریاں مکمل ہونے کے بعد ارشد ندیم ٹاپ 8 میں جگہ نہ بناسکے اور ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
دوسری جانب انڈیا کے نیرج چوپڑا نے اپنی پہلی تھرو میں 83.65 میٹر پھینکی جبکہ ان کے ہم وطن سچن یادیو نے 86.29 میٹر کی شاندار تھرو کرکے سب کی توجہ حاصل کرلی۔
آج کے فائنل میں سب سے پہلی تھرو جیولن ویبر نے پھینکی، دوسری اینڈرسن پیٹرز نے اور تیسرے نمبر پر ارشد ندیم نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ گروپ بی کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 85.28 میٹر کی تھرو کے ساتھ براہ راست فائنل میں جگہ بنائی تھی۔







