امریکا کے شہر لاس ویگاس میں واقع لاس ویگاس کنونشن سینٹر میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور سے تعلق رکھنے والے ارسلان ایش نے جنوبی کوریا کے رینگ چو کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی۔
اس شاندار کامیابی کے ساتھ ارسلان ایش نے مسلسل چوتھی بار لاس ویگاس میں ایوو چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا، جب کہ مجموعی طور پر ان کے ایوو ٹائٹلز کی تعداد آٹھ ہو گئی، جو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے حاصل کیے جانے والے سب سے زیادہ اعزازات ہیں۔
ایوو انتظامیہ نے بھی اپنے سرکاری بیان میں ارسلان ایش کی تاریخی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی نے مسلسل چوتھی مرتبہ لاس ویگاس میں ٹائٹل جیت کر ایوو کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
Congratulations to Top 8 of TEKKEN 8 at #Evo2026!
— Evo (@Evo) June 29, 2026
🥇 @ArslanAsh95
🥈 @rangchu123
🥉 @LowHigh92
🏅 @Jeondding_tk
🏅 @WaMEOIL1
🏅 @QasimMeer3
🏅 @daichinobi
🏅 @212Ninjakilla pic.twitter.com/52rdJk8yXp
ارسلان ایش نے پہلی بار 2019 میں جاپان میں منعقدہ ٹیکن 7 ورلڈ چیمپئن شپ جیت کر بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے امریکا، جاپان اور دنیا کے دیگر ممالک میں ہونے والے متعدد بڑے ای سپورٹس مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
انہیں 2019 میں دنیا کے بہترین ای سپورٹس کھلاڑی کا اعزاز بھی دیا گیا تھا، جب کہ گزشتہ کئی برسوں سے وہ عالمی فائٹنگ گیمز کے میدان میں صف اول کے کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔
ارسلان ایش کی اس تاریخی کامیابی پر پاکستان بھر میں شائقین ای سپورٹس نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔







