عمان کے دارالحکومت مسقط میں جاری آئی بی ایس ایف اسنوکر ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں اسجد اقبال نے پنکج ایڈوانی کو 0-4 فریم سے شکست دی۔ اس مقابلے میں اسجد کی جیت کا اسکور 0-100، 37-92، 16-117 اور 21-83 رہا، جب کہ انہوں نے 81 اور 83 کے شاندار بریک بھی اسکور کیے۔

سیکریٹری جنرل پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن اور چیمپئن شپ کے ہیڈ ریفری نوید کپاڈیہ کے مطابق اسجد کی یہ جیت پاکستان کے لیے ایک اہم اعزاز ہے۔

اس سے قبل پری کوارٹر فائنل میں اسجد اقبال نے منیٰ اعواد کو 1-4 فریم سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں قدم رکھا تھا۔

دوسری جانب، پاکستان کے محمد آصف پری کوارٹر فائنل میں سخت مقابلے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ انہیں فرانس کے نیکولاس مورٹریوکس نے 2-4 فریم سے شکست دی۔

واضح رہے کہ اسجد اقبال کا سیمی فائنل میں ٹاکرا اب فرانس کے نیکولاس مورٹریوکس سے ہوگا۔