اطلاعات کے مطابق انڈین کھلاڑیوں نے ٹرافی صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے وصول کرنے سے انکار کر دیا، جس کے باعث تقریب تاخیر کا شکار ہوئی اور ٹرافی میدان سے ہی باہر بھیج دی گئی۔ انڈین ٹیم کے رویے پر کھلاڑیوں اور شائقین دونوں جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔

تقریب کے دوران پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنے میڈلز وصول کیے، تاہم انڈین کھلاڑی اسٹیج پر نہ آئے۔ میزبان سائمن ڈول نے واضح کیا کہ انہیں اے سی سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انڈین ٹیم ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔

اس سے قبل انڈین کپتان سوریا کمار یادو پر نہ صرف کرکٹ قوانین کی خلاف ورزی بلکہ کھیل میں سیاست شامل کرنے پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے پاک انڈیا میچ کے بعد جیت کو ایک فوجی واقعے سے منسوب کر کے تنازع کھڑا کیا تھا۔

فائنل کے بعد پریس کانفرنس میں بھی سوریا کمار صحافیوں کے سوالات گول کرتے رہے۔ ٹرافی سے متعلق سوال پر انہوں نے الٹا شکوہ کیا کہ ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا لیکن ٹرافی نہیں دی گئی۔ تاہم وہ یہ وضاحت نہ دے سکے کہ کھیل میں سیاست اور عدم برداشت کا رویہ کیوں اپنایا گیا۔

انڈین میڈیا منیجر نے پریس کانفرنس کے دوران ایک پاکستانی صحافی کو سوال کرنے کا موقع بھی نہیں دیا، جس سے ماحول مزید کشیدہ ہوگیا۔