بگ بیش لیگ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری نے نہ صرف ان کی فرنچائز ہوبارٹ ہوریکینز بلکہ آسٹریلوی ٹیم مینجمنٹ کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ ٹم ڈیوڈ کو پرتھ اسکورچرز کے خلاف میچ میں تکلیف کے باعث میدان چھوڑنا پڑا۔ یہ دوسرا موقع ہے جب وہ ہیمسٹرنگ مسئلے کا شکار ہوئے ہیں۔

اس سے قبل رواں برس آئی پی ایل کے دوران بھی ٹم ڈیوڈ سائیڈ اسٹرین کا شکار ہوئے تھے۔ تازہ انجری کے باعث وہ ہوریکینز کے ٹائٹل دفاع کی مہم سے باہر ہوچکے ہیں، جب کہ فروری میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ان کی دستیابی پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

یاد رہے کہ ٹم ڈیوڈ کو مختصر فارمیٹ میں آسٹریلیا کے سب سے خطرناک اور میچ وننگ بیٹرز میں شمار کیا جاتا ہے، اسی لیے ان کی ممکنہ عدم موجودگی آسٹریلوی ٹیم کی حکمت عملی کو متاثر کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹرز کی ہدایات پر ہفتے کے روز ان کا اسکین کیا گیا ہے۔ انجری کی اصل نوعیت اور مکمل ریکوری کا دورانیہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔