ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان شاہین شاہ آفریدی کے درمیان مسلسل مشاورت جاری ہے، جس میں مستقبل کی حکمت عملی اور نئے کھلاڑیوں کو آزمانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اسی تناظر میں آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے وکٹ کیپنگ شعبے میں نئے چہروں کو موقع دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن محدود طرز کی کرکٹ میں نوجوان اور جارحانہ کمبینیشن کے حامی ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے فارمیٹ میں بھی محمد رضوان کو مستقل انتخاب کے طور پر دیکھنے کے حق میں نہیں ہیں۔
قومی ٹیم مینجمنٹ مستقبل کی ٹیم تشکیل دینے کے منصوبے کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتی ہے تاکہ اگلے بڑے عالمی ایونٹس سے قبل نئے کمبینیشنز تیار کیے جا سکیں۔
Breaking 🚨
— Qamar (@Qamar5618) May 21, 2026
Rizwan likely to be dropped from ODI series against Australia. Usman Khan or Mirza Tahir bag likely to be selected as a wicketkeeper batter alongside with Ghazi Ghori. pic.twitter.com/gzkzE1pQXn
33 سالہ محمد رضوان پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی دکھاتے رہے ہیں۔ انہوں نے اب تک 103 ون ڈے میچز میں 40 سے زائد کی اوسط سے 2979 رنز اسکور کیے ہیں، جن میں 4 سنچریاں اور 19 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ بطور وکٹ کیپر بھی ان کا ریکارڈ متاثر کن رہا ہے، انہوں نے 113 کیچز پکڑے جبکہ 7 اسٹمپنگز بھی کیں۔
تاہم حالیہ بنگلا دیش سیریز میں رضوان کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہ رہی، جہاں انہوں نے تین میچز میں مجموعی طور پر صرف 58 رنز بنائے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ اسی بنیاد پر نئی حکمت عملی اپنانے پر غور کر رہی ہے۔
اطلاعات ہیں کہ بنگلا دیش کے خلاف رواں برس مارچ میں تیسرے ون ڈے میچ میں بطور بیٹر ڈیبیو کرنے والے نوجوان کھلاڑی غازی غوری کو آسٹریلیا سیریز کے لیے زیر غور رکھا گیا ہے۔ غازی غوری حالیہ ٹیسٹ اسکواڈ کا بھی حصہ رہے تھے اور ٹیم انتظامیہ ان کی صلاحیتوں سے متاثر بتائی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر عثمان خان اور مرزا سعد بیگ کے ناموں پر بھی غور جاری ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے ڈومیسٹک اور ایمرجنگ کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے اور سلیکٹرز انہیں مستقبل کے ممکنہ آپشنز کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے، جبکہ ٹیم کمبینیشن میں کئی اہم تبدیلیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچے گی جبکہ قومی ٹیم 22 مئی سے راولپنڈی میں تربیتی کیمپ شروع کرے گی۔ سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان ایک پریکٹس میچ بھی شیڈول ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے مقابلے 30 مئی، 2 جون اور 4 جون کو کھیلے جائیں گے۔ شائقینِ کرکٹ کی نظریں اب قومی اسکواڈ کے اعلان پر جمی ہوئی ہیں، جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملنے کے امکانات نے دلچسپی بڑھا دی ہے۔







