اس سے قبل رونالڈو نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ جلد ریٹائر ہو جائیں گے، جس کے بعد مداحوں میں چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 40 سالہ پرتگالی فٹبالر نے سعودی عرب میں منعقدہ عالمی سیاحت و سرمایہ کاری سمٹ میں ویڈیو کال کے ذریعے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے ’جلد‘ کا مطلب 10 سال نہیں تھا، نہیں، میں مذاق کر رہا ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں اس وقت کھیل سے بہت لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ جب آپ ایک خاص عمر کو پہنچتے ہیں تو فٹ بال میں مہینے بہت تیزی سے گزرتے ہیں۔

رونالڈو کا کہنا تھا کہ میں خود کو بہترین محسوس کر رہا ہوں، فٹ رہنے کی پوری کوشش کر رہا ہوں، گول کر رہا ہوں اور قومی ٹیم کے ساتھ کھیلنے سے بھی لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ لیکن ایمانداری سے کہوں تو، ’جلد ریٹائر  سے میری مراد شاید ایک یا دو سال ہیں۔

رونالڈو نے رواں سال جون میں سعودی کلب النصر کے ساتھ اپنے معاہدے میں 2027 تک توسیع کی تھی۔

انہوں نے واضح کیا کہ 2026 میں امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والا ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ یقینی طور پر یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا، کیونکہ اس وقت میری عمر 41 سال ہوگی۔ میں نے فٹ بال کو سب کچھ دے دیا، گزشتہ 25 سالوں میں ہر چیز حاصل کی، بے شمار ریکارڈز قائم کیےاور اب میں ہر لمحے سے لطف اٹھا رہا ہوں۔

کرسٹیانو رونالڈو اب تک 950 سے زائد گول کر چکے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر 143 گولز کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

انہوں نے اپنا کیریئر 2002 میں آغاز کیا اور تب سے پرتگال سمیت کئی بڑے کلبز  مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ، یووینٹس اور النصر کے ساتھ کامیابیاں سمیٹی ہیں۔