عالمی نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق میچ امریکی شہر سیئٹل میں اگلے سال شیڈول ہے، جہاں مقامی آرگنائزنگ کمیٹی نے اعلان کیا تھا کہ یہ فکسچر شہر کے پرائیڈ ویک اینڈ کے موقع پر  ’پرائیڈ میچ‘ کے طور پر منعقد ہوگا۔

فٹبال ورلڈ کپ کے حالیہ ڈرا کے بعد ایران اور مصر کا میچ 26 جون کو سیئٹل میں رکھا گیا ہے، جو پرائیڈ ویک اینڈ سے صرف ایک روز قبل ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی آئی ایس این اے کے مطابق مہدی تاج نے بتایا کہ تہران اور قاہرہ دونوں نے اس غیر معقول اقدام پر اعتراض جمع کرایا ہے، جو ان کے مطابق ایک مخصوص گروہ کی حمایت کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس معاملے پر فیفا سے اپیل بھی کرے گا۔

ایران میں ہم جنس پرستی غیر قانونی ہے اور اس کی سزا موت تک ہوسکتی ہے، جب کہ مصر میں یہ عمل براہِ راست غیر قانونی نہیں لیکن بے راہ روی جیسے مبہم قوانین کے تحت اکثر سزائیں دی جاتی ہیں۔

مزید پڑھیں: چین میں رشوت لینے پر سابق اعلیٰ عہدیدار کو سزائے موت دے دی گئی

مہدی تاج نے کہا کہ کچھ ایرانی کھلاڑیوں کو امریکی ویزا مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے کیونکہ وہ ایرانی فوج یا پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) سے وابستہ رہے ہیں، جسے امریکا نے 2019 میں دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔

ورلڈ کپ 2026 امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں 11 جون سے 19 جولائی تک منعقد ہوگا، جب کہ ایران گروپ جی میں بیلجیم، مصر اور نیوزی لینڈ کے ساتھ شامل ہے۔