اتوار کو اسٹورمونٹ میں واقع سول سروس کرکٹ کلب میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

آئرلینڈ کی جانب سے ہیری ٹیکٹر نے 47 گیندوں پر 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جب کہ کرٹس کیمفر نے 23 گیندوں پر 37 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔

انڈیا کی جانب سے پرنس یادو سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 4 اوورز میں 22 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ شیوم دوبے اور ارشدیپ سنگھ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انڈین ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز ہی بنا سکی اور یوں ایک رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

انڈیا کو اننگز کے آغاز میں ہی بڑا دھچکا لگا، جب دونوں اوپنرز ابھیشیک شرما اور سنجو سیمسن پہلی ہی گیند پر صفر کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ انڈیا کے دونوں اوپنرز گولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔ ڈیبیو کرنے والے سوریاش بھی صرف ایک رن بنا سکے۔

انڈیا کی جانب سے تلک ورما نے 46 گیندوں پر 55 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جب کہ شیوم دوبے نے 16 گیندوں پر 20 رنز اسکور کیے، تاہم وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔

آئرلینڈ کی جانب سے جے موونڈرا اور میٹ ہالارڈ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میتھیو ہمفریز اور ہیری ٹیکٹر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ آئرلینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی انڈیا کو 34 رنز سے شکست دی تھی، جو بین الاقوامی کرکٹ میں بھارت کے خلاف آئرش ٹیم کی پہلی کامیابی تھی۔

دوسری مسلسل فتح کے ساتھ آئرلینڈ نے نہ صرف سیریز اپنے نام کی بلکہ عالمی چیمپئن بھارت کو 0-2 سے وائٹ واش کر کے ایک نئی تاریخ بھی رقم کر دی۔