ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں انڈیا اور بنگلہ دیش نے کامیاب آغاز کرتے ہوئے فتوحات حاصل کی ہیں۔
اتوار کے روز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔ اس سے قبل گروپ مرحلے میں بھی انڈیا نے پاکستان کو شکست دی تھی۔ ہفتے کے روز بنگلہ دیش نے سری لنکا کو چار وکٹوں سے ہرایا۔
اب تک کھیلے گئے میچوں کے بعد انڈیا اور بنگلہ دیش دو دو پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہیں۔ انڈیا کا نیٹ رن ریٹ صفر اعشاریہ چھ آٹھ نو ہے جس کی بنیاد پر وہ پہلے نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کا نیٹ رن ریٹ صفر اعشاریہ ایک دو ایک ہے اور وہ دوسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے کھاتے میں تاحال کوئی پوائنٹ موجود نہیں۔ تاہم چار میچ باقی ہونے کے باعث دونوں ٹیمیں اب بھی فائنل کی دوڑ میں شامل ہیں۔
پاکستان کے لیے صورتحال واضح مگر مشکل ہے۔ اسے سپر فور مرحلے میں اپنے باقی دونوں میچ جیتنے ہوں گے۔ پہلا میچ منگل کو سری لنکا کے خلاف کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔ اگر پاکستان یہ دونوں میچ جیتنے میں کامیاب ہوتا ہے تو اس کے چار پوائنٹس ہو جائیں گے اور وہ فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔
اگر منگل کے روز پاکستان سری لنکا کو شکست دیتا ہے تو سری لنکن ٹیم دو مسلسل ناکامیوں کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔ انڈیا اور بنگلہ دیش کا آمنا سامنا بدھ کو ہوگا۔ موجودہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انڈیا یہ میچ جیت کر فائنل میں ناقابل شکست رسائی حاصل کرے گا۔

اس صورت میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جمعرات کو ہونے والا میچ فائنل میں رسائی کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوگا۔
اگر یہ صورتحال سامنے آتی ہے تو شائقین کو تین ہفتوں میں مسلسل تین انڈیا پاکستان مقابلے دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔ آخری گروپ میچ انڈیا اور سری لنکا کے درمیان جمعہ کو ہوگا جو صرف رسمی نوعیت کا رہ جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق ٹیم کی تمام تر توجہ اب سری لنکا کے خلاف میچ پر مرکوز ہے اور کوچنگ عملہ کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مختلف حکمت عملیوں پر کام کر رہا ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل نے تاحال سپر فور مرحلے کے بعد کسی تبدیلی یا اضافی شیڈول کا اعلان نہیں کیا۔
واضع رہے کہ تمام تر نظریں اب منگل کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے اہم مقابلے پر مرکوز ہیں جس میں شکست کسی بھی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر کر سکتی ہے۔







