ایشیا کپ 2025 کے دسویں میچ میں پاکستان نے یو اے ای کو 48 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے تک رسائی حاصل کر لی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹڈیم میں ایشیا کپ گروپ اے کے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

یو اے ای کی دعوت پر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے اور یو اے ای کو 147 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے انتہائی مایوس کن آغاز کیا گیا، اوپننگ بلے باز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے ناقص کارگردگی کی راویت برقرار رکھی۔

صائم ایوب نے اس ایونٹ میں مسلسل تیسرے میچ میں کوئی رن کیے بغیر پویلین کی راہ لی اور اس ایونٹ میں صفر پر آؤٹ ہونے کی ہیٹ ٹرک مکمل کی، جب کہ صاحبزادہ فرحان نے اُن کا ساتھ دیتے ہوئے محض پانچ رنز بنا کر واپسی کا راستہ اختیار کیا۔

Featured image 85
صائم ایوب نے مسلسل تیسرے میچ میں کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ (فائل فوٹو)

دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، کپتان سلمان علی آغا اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نمایاں رہے۔ فخرزمان نے 36 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے نصف سنچری کی جب کہ کپتان سلمان علی آغا 20 رنز کرنے میں کامیاب رہے۔

فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے 14 گیندوں پر 29 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، اُن کی اننگ میں دو چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔

مڈل آرڈر بلے باز حسن نواز بھی کوئی خاص کارنامہ سرانجام نا دے سکے اور تین رنز بنا کر چلتے بنے۔ سفیان مقیم کی جگہ پر آنے والے خوشدل شاہ چار، محمد نواز چار اور محمد حارث 18 رنز بنانے میں کامیاب رہے، جب کہ حارث رؤف آخری گیند پر رن آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : صائم ایوب کے نام انوکھا ریکارڈ، ایک بار پھر صفر پر آؤٹ ہو کر ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

یو اے ای کی جانب سے جنید صدیق اور سمرن جیت سنگھ نے پاکستانی بلے بازوں کو کافی پریشان کیے رکھا ، جنید صدیق چار اور سمرن سنگھ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ دھرو پراشر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

دوسری جانب ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی پوری ٹیم خزاں میں پتوں کی مانند ثابت ہوئی اور 17 اعشاریہ چار اوورز پر 105 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔

Featured image (88)
پاکستان کی جانب سے عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ (فوٹو اے سپورٹس)

یو اے ای کی جانب سے راھول چوپڑا 35 رنز بناکر نمایاں رہے، جب کہ دھرو پراشر 20، کپتان محمد وسیم 14 اور اوپنر بلے باز علی شان 12 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہیں ہوسکا۔

پاکستان کی جانب سے عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا، فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے دو،دو کھلاڑیوں کو ، جب کہ اسپن بولر ابرار احمد دو، صائم ایوب اور سلمان علی آغا ایک ایک کھلاڑی کی وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

یاد رہے آج یو اے ای کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ سفیان مقیم اور فہیم اشرف کی جگہ حارث رؤف اور خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔