ابوظبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے اس اہم میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں اٹھ وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے اور سری لنکا کو 170 رنز کا ہدف دیا ۔

افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے محض 22 گیندوں پر 60 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں چھ شاندار چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔

دیگر کھلاڑیوں میں ابراہیم زادران اور راشد خان نے 24،24 رنز کی کارآمد اننگز کھیلیں۔ صدیق اللہ نے 18 اور رحمان اللہ گرباز نے 14 رنز جوڑے۔

Featured image (10)

سری لنکا کی جانب سے نوان تھوشارا نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور افغانستان کی بڑی اسکورنگ کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

دوسری جانب ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بلے بازوں نے پراعتماد بیٹنگ کی اور 170 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں : اسپین نے اسرائیلی کی شرکت پر 2026 فیفا ورلڈ کپ سے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی

سری لنکا کے کوشل مینڈس 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ کمندو مینڈس نے بھی 26 رنز بنا کر ٹیم کو جیت دلانے میں مدد کی۔ کوشل پریرا نے 28 اور اسالنکا نے 17 رنز اسکور کیے۔

اس جیت کے ساتھ سری لنکا گروپ بی میں مسلسل تین فتوحات کے بعد چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آ گئی ہے۔ بنگلادیش چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور دونوں ٹیموں نے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے اور اس کی شکست پر شائقین کرکٹ میں مایوسی دیکھنے کو مل رہی ہے۔