ایشیا کپ 2025 کے آخری گروپ میچ میں انڈیا نے عمان کو 21 رنز سے شکست دے دی ہے۔
ابو ظہبی کے شیخ زاہد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے اور عمان کو جیت کے لیے 189 رنز کا ہدف دیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انڈیا کے ٹاپ آرڈر بیٹر سنجو سیمسن نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اوپنر بلے باز ابھیشک شرما برق رفتار 15 گیندوں پر 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں تلک ورما 29 اور اکثر پٹیل نے 26 رنز بنا کر بھارتی ٹیم کے مجموعے میں اضافہ کیا۔
عمان کے عامر کلیم، شاہ فیصل اور جیتن رامنندی نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

دوسری جانب ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا سکی۔ عمان کی جانب سے انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
عمان کے کپتان جتیندر سنگھ اور عامر کیلم اوپننگ کے لیے آئے دونوں کھلاڑیوں نے انڈین گیندبازوں کی ایک نا چلنے دی، کپتان جتیندر 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ عامر نے وکٹ نا چھوڑی اور شاندار بیٹنگ کی ،انہوں نے 64 رنز جوڑے اور چھکا مارتے ہوئے آؤٹ ہو گئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں حماد مرزا نمایاں رہے انہوں نے عامر کا ساتھ دیتے ہوئے 51 رنز کی اننگ کھیلی، جب کہ جتن کمار 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں : شاہین آفریدی کی بیٹنگ کے چرچے، انڈین اسپنر بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے
انڈیا کی جانب سے عمانی بلے بازوں کو آؤٹ کرنے کے لیے آٹھ گیند باز آزمائے گئے۔ ہاردیک، ارشدیپ، رانا اور کلدیپ ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔







