انڈین ٹیم کے اہم آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی فٹنس مسائل کے باعث فائنل میچ میں شرکت مشکوک قرار دی گئی ہے۔

یہ واقعہ جمعہ 26 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں انڈیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے سپر فور کے میچ کے دوران پیش آیا۔

انڈین ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو 202 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ہاردک پانڈیا نے اپنے پہلے ہی اوور میں سری لنکن اوپنر کوسل مینڈس کو آؤٹ کیا تاہم اوور کے اختتام پر وہ ران پر ہاتھ رکھتے ہوئے دکھائی دیے اور میدان سے باہر چلے گئے۔ وہ دوبارہ کھیل میں واپس نہ آ سکے۔

اس واقعے کے بعد انڈین ٹیم کی مینجمنٹ کو پانڈیا کی فٹنس پر تشویش لاحق ہو گئی۔ بولنگ کوچ مورنے مورکل نے بعد ازاں وضاحت کی کہ پانڈیا کو دبئی کے مرطوب موسم میں شدید کریمپس کا سامنا ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی سنگین انجری نہیں ہے اور پانڈیا کی فٹنس کا جائزہ ہفتہ کو لیا جائے گا جس کے بعد فائنل میں ان کی دستیابی سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

اسی میچ میں انڈین بلے باز ابھیشیک شرما بھی فیلڈنگ کے دوران کریمپس کا شکار ہوکر کچھ دیر کے لیے میدان سے باہر چلے گئے تھے تاہم بعد میں واپس آ گئے۔ مورنے مورکل کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو صرف کریمپس کی شکایت تھی اور ابھیشیک شرما میچ کے اختتام تک مکمل طور پر فٹ تھے۔

Featured image (3) (71)
اگر ہاردک پانڈیا فائنل کے لیے دستیاب نہ ہوئے تو ان کی جگہ فاسٹ باؤلر ارشدیپ سنگھ کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ (تصویر: آج نیوز)

انڈین میڈیا کے مطابق اگر ہاردک پانڈیا فائنل کے لیے دستیاب نہ ہوئے تو ان کی جگہ فاسٹ باؤلر ارشدیپ سنگھ کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

سری لنکا کی جانب سے پتھم نسانکا نے شاندار ایک 107 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو 20 اوورز میں انڈیا کے 202 رنز کے ہدف تک پہنچا کر میچ برابر کر دیا۔ سپر اوور میں سری لنکا نے انڈیا کو تین رنز کا ہدف دیا جسے انڈیا نے ایک گیند پر مکمل کرلیا۔

واضح رہے کہ اںڈیا اور پاکستان پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔ انڈیا 2023  کے بعد سے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کے خلاف ناقابل شکست رہا ہے۔