تاہم 25 ستمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف سنسنی خیز کامیابی کے بعد گرین شرٹس کے حوصلے بلند ہیں اور ٹیم میدان میں بدلے کی نیت اور ٹائٹل جیتنے کے عزم کے ساتھ اترے گی۔
پاکستانی بولنگ لائن انڈین بلے بازوں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوگی۔ شاہین شاہ آفریدی کا پہلے اوور میں وکٹ حاصل کرنے کا ریکارڈ، حارث رؤف کی برق رفتار باؤلنگ، ابرار احمد کی مسٹری اسپن اور صائم ایوب کی کارکردگی انڈین بیٹنگ پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
بیٹنگ میں ان فارم صاحبزادہ فرحان، فخر زمان کی جارحانہ بیٹنگ اور مڈل آرڈر میں محمد نواز اہم کردار ادا کریں گے، جب کہ شاہین شاہ آفریدی کی مختصر لیکن جارحانہ بیٹنگ کسی سرپرائز سے کم نہیں ہوگی۔
انڈیا کی ٹیم بھی بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے نمبر ون بیٹر ابھیشیک شرما شاندار فارم میں ہیں اور چھ اننگز میں 309 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ہیں۔

اوپننگ کے دوران ان کی جارحانہ بیٹنگ نے ٹیم کو ہر بار مضبوط آغاز فراہم کیا ہے، اگرچہ کپتان سوریا کمار یادو بیٹنگ میں جدوجہد کر رہے ہیں۔
انڈین بولنگ میں جسپریت بمرا نے پاور پلے اوورز میں اہم کردار ادا کیا ہے، جب کہ کلدیپ یادو 13 وکٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔ اکشر پٹیل اور وارون چکرورتی بھی مڈل اوورز میں دباؤ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
26 ستمبر کو سری لنکا کے خلاف انڈیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں کامیابی حاصل کی، جس کے بعد ٹیم کے اندر موجود کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا خوداعتمادی کے خدشات ختم ہو گئے ہیں۔
کپتان سوریا کمار یادو کا کہنا تھا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو ہدایت دی تھی کہ اپنے منصوبے پر عمل کریں اور خوفزدہ نہ ہوں، خوشی ہے کہ سب کو ان کی محنت کا صلہ ملا اور ٹیم فائنل میں پہنچی۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے دبئی میں پری میچ پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹیم ایشیا کپ جیتنے کے مقصد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک بڑا موقع ہوتا ہے، ہم پرجوش ہیں اور جانتے ہیں کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلینگ الیون کا فیصلہ پچ اور کنڈیشنز دیکھ کر کیا جائے گا، چاہے اسپنرز کھلانے ہوں یا فاسٹ باؤلرز۔
فائنل میں پاکستان کی کوشش ہوگی کہ ایک ہی ٹورنامنٹ میں تیسری بار روایتی حریف کے ہاتھوں شکست نہ کھائے، جبکہ انڈیا ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے پُراعتماد ہے۔
شائقین کرکٹ اس اہم معرکے کو ایشیا کپ کے سب سے بڑا مقابلہ قرار دے رہے ہیں۔







