دبئی اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا، جبکہ شائقین میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں اور پچیس ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھنے والا اسٹیڈیم آج مکمل طور پر بھرا ہوگا۔
انڈین ٹیم اس ایونٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہی ہے، انہوں نے تمام چھ میچز جیتے ہیں جبکہ پاکستان کو انڈیا کے ہاتھوں دو بار شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
فائنل سے قبل انڈین ٹیم کو فٹنس مسائل نے گھیر رکھا ہے۔ ہاردک پانڈیا سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے تھے اور ان کی شمولیت کا فیصلہ میچ سے قبل ہوگا۔
ولنگ کوچ مورنی مورکل نے کہا ہے کہ آل راؤنڈر ابھیشیک شرما میچ سے پہلے مکمل طور پر فٹ ہوجائیں گے۔
پاکستان کی ٹیم میں تبدیلی کا امکان نہیں ہے اور وہ اپنے وننگ کمبی نیشن کو برقرار رکھے گی۔ آخری پریکٹس سیشن میں کپتان سلمان آغا، صائم ایوب اور دیگر کھلاڑی بیٹنگ اور باؤلنگ میں بھرپور تیاری کرتے نظر آئے۔
ایشیا کپ کے فائنل سے پہلے کپتانوں کا روایتی فوٹو شوٹ اس بار نہ ہونے کا امکان ہے، حالانکہ روایت کے مطابق فائنل سے قبل دونوں کپتان ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنواتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کو انڈیا کے خلاف فائنلز میں سبقت حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے 11 بین الاقوامی فائنلز میں پاکستان نے 7 بار کامیابی حاصل کی ہے جبکہ انڈیا صرف 3 بار فاتح رہا ہے۔







