ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کا پہلا میچ آج پاکستان اور انڈیا کے مابین دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں انڈیا نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
انڈیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کو بلےبازی کی دعوت دی، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 171 رنز بنائے اور انڈیا کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں انڈین ٹیم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 19ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان کی اننگز میں فخر زمان 15 رنز بنا کر سب سے پہلے آؤٹ ہوئے، ان کے آؤٹ ہونے پر امپائر کے فیصلے کو سوشل میڈیا پر متنازع قرار دیا گیا۔
اس کے بعد صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور اسکور 93 تک پہنچایا۔ صائم ایوب 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ حسین طلعت صرف 10 رنز بنا سکے۔

صاحبزادہ فرحان نے شاندار نصف سنچری اسکور کی اور 45 گیندوں پر 58 رنز بنائے، جس میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ محمد نواز نے 21، کپتان سلمان آغا نے 17 اور فہیم اشرف نے 20 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔
انڈیا کی جانب سے شبمن گل 47 رنز بنا کر بولڈ ہوئے، کپتان سوریا کمار بغیر رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ابھیشیک شرما نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 39 گیندوں پر 74 رنز اسکور کیے، جن میں 5 چھکے شامل تھے۔ سنجو سیمسن 13 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ تلک ورما 30 اور ہاردک پانڈیا 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ پاکستان-انڈیا ٹاکرا: ’پاکستانی 11 کی بجائے 15 کے خلاف کھیل رہے ہیں، فخرزمان ناٹ آؤٹ تھے‘
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو، جب کہ فہیم اشرف اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی اسکواڈ میں آج 2 تبدیلیاں کی گئیں۔ قومی ٹیم صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، حسین طلعت، فہیم اشرف، سلمان علی آغا، محمد نواز، محمد حارث (وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد پر مشتمل ہے۔

ہینڈ شیک کا تنازع اور میچ کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کے سیاسی بیان کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ ماحول مزید خراب ہوچکا ہے۔ آج بھی دنوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹاس کے بعد ہاتھ نہیں ملایا۔
یاد رہے کہ گروپ میچ میں پاکستان کو انڈیا نے 7 وکٹ سے شکست دی تھی۔







