نجی نشریاتی ادارے ڈان نیوز کے مطابق سلیکٹرز نے اسکواڈ میں تبدیلیوں پر بھی غور کیا ہے، جس کے تحت فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور آل راؤنڈر حسین طلعت کو ڈراپ کیے جانے، جب کہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اور اسپنر مہران ممتاز کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی شمولیت پر ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا، ان کے حوالے سے حتمی فیصلہ اگلے ایک سے دو روز میں متوقع ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے اسکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔


یاد رہے کہ لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک، صفر کی برتری حاصل کر لی تھی، جب کہ دوسرا ٹیسٹ 20 اکتوبر سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 28 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جب کہ بقیہ دو میچز 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں فیصل آباد جائیں گی، جہاں وہ بالترتیب 6، 4 اور 8 نومبر کو تین ون ڈے میچز کھیلیں گی۔