ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے سپر فور مرحلے کا پہلا میچ آج پاکستان اور انڈیا کے مابین دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جس میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بلے بازی کی دعوت دی۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان اوپننگ کے لیے آئےاور فخر زمان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، مگر ان کے آؤٹ ہونے پر سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔ فخر زمان کو آؤٹ دیے جانے کے فیصلے پر سوالات اٹھنے لگے۔

انڈین کھلاڑی ہاردک پانڈیا کی گیند پر فخر زمان کے آؤٹ ہونے کا فیصلہ فیلڈ امپائرز نے تھرڈ امپائر کو بھیجا، ایکشن ری پلے دیکھنے پر یہ واضح نظر آیا کہ گیند زمین پر لگنے کے بعد وکٹ کیپر کے ہاتھ میں آئی تاہم تھرڈ امپائر نے فخر زمان کو آؤوٹ قرار دیا۔

تھرڈ امپائر کے اس فیصلے پر فخر زمان نے بھی حیرت کا اظہار کیا، جب کہ کمنٹیٹرز بھی اس فیصلے پر حیرانی کا اظہار کرتے رہے۔

سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں نے بھی فخر زمان کے حق میں رائے دیتے ہوئے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے فواد عالم نے لکھا کہ ایسا لگتا ہے ہم 11 کے بجائے 14 کھلاڑیوں کے خلاف کھیل رہے ہیں، فخر زمان واضح طور پر ناٹ آؤٹ تھے۔

فاسٹ بولر محمد عامر نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر کہا کہ فخر زمان آؤٹ نہیں تھے، جب کہ سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی ایکس پر لکھا کہ پاکستان کو ٹیم انڈیا اور آن فیلڈ امپائرز سے مقابلے کے لیے بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔