ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فورمرحلے میں انڈیا نے بنگلادیش کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کی ٹکٹ کٹا لی ۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر انڈیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز سکور کیے اور بنگلہ دیش کو 169 رنز کا ہدف دیا۔
انڈیا کی جانب سے ابھیشیک شرما نے ایک بار پھر جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 37 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔
دیگر کھلاڑیوں میں شبمن گل 29، شیوم دوبے دو، کپتان سوریا کمار یادیو اور تلک ورماپانچ اور پانڈیا 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسری جانب انڈیا کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی بیٹرز کھل کر نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 127 رنز بناسکی۔
یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ 2025 کے فائنل کے لیے کون سی ٹیم کیسے کوالیفائی کر سکتی ہے؟
بنگلادیش کی جانب سے سیف حسن 69 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ پرویز حسین نے 21 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ کوئی بھی بنگلادیشی بیٹر ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔
انڈیا کی جانب سے کلدیپ یادیو نے تین، بمراہ اور چکرورتی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ اس جیت کے ساتھ انڈیا ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا اور سری لنکا فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جمعرات کا میچ ورچوئل سیمی فائنل کی صورت اختیار کرگیا ہے ، جیتنے والی ٹیم انڈیا کے ساتھ فائنل کھیلے گی۔







