دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اعصاب شکن مقابلے میں انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔ سری لنکن ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور آخری گیند تک مقابلہ جاری رکھا۔
آخری گیند پر جیت کے لیے تین رنز درکار تھے، تاہم سری لنکن بیٹرز صرف دو رنز بنا سکے، یوں میچ برابر ہوگیا۔
سپر اوور میں سری لنکا نے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ گیندوں پر محض دو رنز بنائے اور دو وکٹیں گنوا دیں۔ جواب میں انڈیا نے پہلی ہی گیند پر تین رنز بنا کر میچ جیت لیا۔
سری لنکا کی جانب سے پاتھم نیسانکا نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 52 گیندوں پر 107 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں سات چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔
ان کا بھرپور ساتھ کوسال پریرا نے دیا، جو 32 گیندوں پر 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان داسن شناکا 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں : حارث رؤف نے سوال کر کے میچ ریفری کو خاموش کرا دیا، انڈیا کی شکایت پر آئی سی سی سماعت مکمل
انڈیا کے تمام پانچ باؤلرز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، جس نے سری لنکن ٹیم کو آخری لمحات میں دباؤ کا شکار رکھا۔
اس قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔ اوپنر بلے باز ابھیشک شرما نے ایک اور برق رفتار نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے صرف 31 گیندوں پر اٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔
مڈل آرڈر بیٹرز تلک ورما اور سنجو سیمسن کے درمیان 66 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔ سنجو سیمسن 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ تلک ورما 49 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
کپتان سوریا کمار یادو ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ وہ 13 گیندوں پر صرف 12 رنز ہی بنا سکے۔ ٹاپ آرڈر بلے باز شبمن گل چار اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جب کہ اکشر پٹیل 21 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود رہے۔
سری لنکا کے پانچ باؤلرز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں پہلے ہی ایشیا کپ 2025 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ فائنل 28 ستمبر کو دبئی کے میدان میں کھیلا جائے گا۔







