ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے اہم ترین میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر دباؤ کا شکار ہو گئی، قومی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں اٹھ وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان نے کیا، جو صرف چار رنز بنا کر جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ تیسرے نمبر پر آنے والے صائم ایوب ایک بار پھر کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے اور ایشیا کپ میں چوتھی مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔
فخر زمان بھی کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، انہوں نے 20 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔ حسین طلعت صرف تین رنز بنا کر رشاد حسین کا شکار بنے، جب کہ کپتان سلمان آغا نے کچھ مزاحمت ضرور کی لیکن وہ بھی 19 رنز بنا کر مستفیض الرحمٰن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ٹیم کو چھٹا نقصان 14ویں اوور میں ہوا جب شاہین شاہ آفریدی نے ایک بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 19 رنز پر وکٹ گنوا دی۔
پاکستان کی جانب سے سب سے نمایاں بیٹنگ محمد حارث نے کی، جنہوں نے 31 رنز اسکور کیے۔ محمد نواز نے 25 اور فہیم اشرف نے 14 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ کچھ بہتر کیا۔
دوسری جانب بنگلادیش کی ٹیم 136 رنز کاتعاقب کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنا سکی۔
بنگلادیش کی جانب سے شمیم حسین 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سیف حسن 18، نورالحسن 16، مہدی حسن 11، تنظیم حسن ثاقب 10، کپتان جاکر علی پانچ، توحید ہرودئے پانچ، تسکین احمد چار اور پرویز حسین ایمان صفر پر آؤٹ ہوئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں رشاد حسین اور مستفیض الرحمان بالترتیب 16 اور چھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے تین تین جب کہ صائم ایوب نے دو اور محمد نواز نےایک وکٹ حاصل کی۔
آج کے اس اہم میچ میں پاکستان نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، جو ٹیم سری لنکا کے خلاف میدان میں اتری تھی ،آج بھی وہی ٹیم میدان میں موجود ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان فائنل میں انڈیا کا مقابلہ کرے گا۔







