ابوظہبی کے شیخ زاہد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کا 134 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر بلے باز صاحب زادہ فرحان 24، فخر زمان 17، کپتان سلمان علی آغا پانچ اور صائم ایوب دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی ٹیم کے چھ کھلاڑی 80 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے جس کے بعد حسین طلعت اور محمد نواز نے ناقابل شکست بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

محمد نواز 38 اور حسین طلعت 32 رنز کی زمہ دارانہ ناٹ آؤٹ اننگز کھیلیں۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی ، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کی ٹیم ابتدائی اوورز میں ہی پاکستانی گیند بازوں کا شکار بن گئی۔

سری لنکا کی جانب سے کامیندو مینڈس نے مشکل وقت میں شاندار ففٹی اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعے میں اضافے کو ممکن بنایا، انہوں نے 44 گیندوں پر عمدہ 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کلین سویپ سے بچ گیا سریز جنوبی افریقہ کے نام

دیگر کھلاڑیوں میں کپتان چریتھ اسالانکا 20، کوسال پریرا اور وانند ہسارنگا15،15 رنز اور پاتھم نیسانکا آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کوسال مینڈس اور داسن شناکا کھاتہ بھی کھول نہ سکے، چمیکا کرونا رتنے 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا گیا، شاہین شاہ آفریدی آفریدی نے تین، حسین طلعت اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسپنر ابرار احمد کےحصے میں ایک وکٹ آئی۔

Featured image (3) (21)
شاہین شاہ آفریدی آفریدی نے تین، حسین طلعت اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فائل فوٹو)

واضح رہے کہ ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے دوسرے مقابلے میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں چھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یاد رہے کہ سپرفور مرحلے کی ٹاپ دوٹیمیں فائنل کے لیے  کوالیفائی کریں گی۔ ہر ٹیم نے تین میچز کھیلنے ہیں۔

انڈیاایک میچ کھیل کردو پوائنٹس حاصل کرکے پہلے نمبرپر ہے جب کہ بنگلادیش بھی ایک میچ کھیل کر کامیابی کے بعد دو پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔

پاکستان دومیچز میں ایک میں کامیابی کے بعددو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جب کہ سری لنکا مسلسل دومیچز ہار کر آخری پوزیشن پر ہے۔