90 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کے محمد عثمان لغاری نے غیرمعمولی کھیل پیش کرتے ہوئے گولڈ میڈل اور ایشین چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔
انہوں نے پورے ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے اپنے ابتدائی مقابلے میں میزبان ویتنام کے ریسلر کو شکست دی، جس کے بعد منگولیا اور چین کے حریفوں کو بھی زیر کیا۔
محمد عثمان لغاری نے سیمی فائنل میں قازقستان کے ریسلر کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جہاں انہوں نے ایک بار پھر ویتنام کے حریف کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
دوسری جانب 70 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کے حسن علی بھولا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران اردن کے دو، سعودی عرب کے ایک اور ویتنام کے دو ریسلرز کو شکست دی۔
حسن علی بھولا نے سیمی فائنل میں چین کے مضبوط حریف کو مات دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی، تاہم فیصلہ کن مقابلے میں شکست کے بعد انہیں سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔
ٹیم آفیشل اور کوچ غلام فرید نے اس کامیابی کا سہرا کھلاڑیوں کی مسلسل محنت، معیاری تربیت اور قومی جذبے کو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ریسلرز نے ایشیائی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔






