انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی میں ضابطۂ اخلاق کی لیول ون خلاف ورزی کے مرتکب پائے جانے پر نسیم شاہ پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کیا گیا۔

ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کرنے والے 22 سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو یہ سزا اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی ایل ٹی 20 سیزن فور کے فائنل میں ایم آئی ایمریٹس کے خلاف میچ کے دوران سنائی گئی۔

آئی سی سی کے مطابق نسیم شاہ نے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کی، جو آؤٹ ہونے کے بعد بیٹر کو اشتعال دلانے یا توہین آمیز رویے، زبان یا اشاروں سے متعلق ہے۔

یہ واقعہ فائنل کے 11ویں اوور میں پیش آیا، جب ایم آئی ایمریٹس کے کپتان کیرون پولارڈ نے نسیم شاہ کی گیند کا دفاع کیا اور گیند سیدھی بولر کی جانب گئی۔ نسیم شاہ نے گیند اٹھا کر مسکراتے ہوئے پولارڈ کی طرف دیکھا، جس پر پولارڈ نے جارحانہ ردِعمل ظاہر کیا۔

اس موقع پر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور وہ ایک دوسرے کے قریب آ گئے۔ پولارڈ واضح طور پر غصے میں دکھائی دیے جبکہ نسیم شاہ نے بھی جواب دیا۔

بعد ازاں امپائرز اور ڈیزرٹ وائپرز کے کھلاڑیوں نے مداخلت کر کے صورتحال پر قابو پایا، تاہم دونوں کھلاڑی ناخوش دکھائی دیتے رہے۔

بعد میں نسیم شاہ نے 16ویں اوور کی پہلی گیند پر کیرون پولارڈ کو آؤٹ کر کے اہم وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ ڈیزرٹ وائپرز نے فائنل میں ایم آئی ایمریٹس کو 46 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔