آئی سی سی کے مطابق، راولپنڈی میں 11 نومبر کو کھیلے گئے میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں پاکستان ٹیم مقررہ وقت میں چار اوور کم کرا سکی۔

آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کے علی نقوی نے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 (کم از کم اوور ریٹ کی خلاف ورزیوں سے متعلق) کے تحت جرمانہ عائد کیا۔ اس قانون کے مطابق، مقررہ وقت سے ہر اوور کم ہونے پر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ ہوتا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے اپنی غلطی تسلیم کر لی اور تجویز کردہ سزا قبول کر لی، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

جرمانے کی تجویز میدان میں موجود امپائرز ایلکس وارف، آصف یعقوب، تھرڈ امپائر شرف الدولہ ابن شاہد اور فورتھ امپائر راشد ریاض نے دی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے اسی میچ میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو چھ رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر  کی برتری حاصل کی تھی۔

سری لنکن ٹیم 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا سکی تھی۔