انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے۔ ہیتھر نائٹ نے 91 گیندوں پر 109 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ایمی جونز نے 56، جب کہ نیٹ برنٹ نے 38 رنز کا اضافہ کیا۔

انڈیا کی جانب سے دیپتی شرما نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں، جب کہ شری چرنی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


289 رنز کے تعاقب میں انڈیا کی دو وکٹیں 42 رنز پر گر گئیں، مگر کپتان ہرمن پریت کور اور سمرتی مندھانا نے تیسری وکٹ پر 125 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ سمرتی مندھانا نے 88، جب کہ ہرمن پریت کور نے 70 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

میچ کے آخری اوور میں انڈیا کو فتح کے لیے 14 رنز درکار تھے لیکن انڈین بیٹرز صرف نو رنز بنا سکیں، یوں انگلینڈ نے چار رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔

انگلینڈ کی جانب سے نیٹ برنٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ بیل، اسمتھ، ایکلسٹن اور ڈرین نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔ شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر انگلش کپتان ہیتھر نائٹ کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں بھی پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ کل سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔