تازہ رینکنگ کے مطابق انڈیا کے ویرات کوہلی نے بھی ون ڈے بیٹرز کی فہرست میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف رانچی میں 135 رنز کی شاندار اننگز کے بعد کوہلی ایک درجہ ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آگئے ہیں اور اب وہ نمبر ون روہت شرما سے صرف 32 پوائنٹس پیچھے ہیں۔

ون ڈے رینکنگ میں روہت شرما پہلے، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے جب کہ افغانستان کے ابراہیم زدران تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ٹی20 میں پاکستان کے صائم ایوب نے سری لنکا کے خلاف ٹرائی سیریز کے فائنل میں 36 رنز اور ایک وکٹ کے ساتھ شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھا کر دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ صائم ایوب 294 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں اور انہوں نے سکندر رضا سے ٹاپ پوزیشن واپس لے لی ہے۔ ٹی20 آل راؤنڈرز میں محمد نواز بھی ترقی کرتے ہوئے چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ٹی20 باؤلرز رینکنگ میں ابرار احمد 4 درجے بہتری کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں، جب کہ محمد نواز 11ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن پانچویں بہترین باؤلر اور دوسرے نمبر کے آل راؤنڈر بن گئے ہیں، جب کہ سائمن ہارمر 13 درجے ترقی کے بعد 11ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں۔