میچ کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں ڈے نائٹ مقابلے کے طور پر کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل بھرپور پریکٹس سیشن کیے جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ٹیموں کے ہمراہ سکیورٹی اہلکار ہمہ وقت موجود رہیں گے۔ اس اہم مقابلے کے تمام ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے تھے، تاہم غیر سرکاری سطح پر مہنگے داموں فروخت کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ دنیا بھر سے پاکستانی اور بھارتی شائقین کی بڑی تعداد کی آمد سے سری لنکا کی سیاحت کو بھی تقویت ملی ہے۔

سپر 8 کی دوڑ

اتوار کو ہونے والے اس میچ کی اہمیت غیر معمولی ہے۔ فاتح ٹیم سپر 8 مرحلے میں رسائی حاصل کر لے گی، جبکہ شکست خوردہ ٹیم کے پاس بھی آخری گروپ میچ جیت کر اگلے مرحلے میں پہنچنے کا موقع موجود ہوگا۔

اسپن بولنگ فیصلہ کن عنصر؟

کولمبو کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے ماہرین کا خیال ہے کہ اسپن بولنگ فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے۔ منفرد ایکشن کے حامل پاکستانی اسپنر عثمان طارق بھارتی بیٹرز کے لیے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔ سلو بولنگ میں ابرار احمد، محمد نواز، شاداب خان اور صائم ایوب بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

فاسٹ بولنگ شعبے میں شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ تاہم گزشتہ میچ میں فہیم اشرف کو بولنگ کا موقع نہیں ملا جبکہ شاہین اپنی بہترین فارم میں دکھائی نہیں دیے۔ پاور پلے کے دوران بھارتی بیٹرز کو بڑے اسکور سے روکنا پاکستان کے لیے کلیدی ہوگا۔

بھارتی ٹیم کی صورتحال

بھارتی اسکواڈ میں جارح مزاج اوپنر ابھیشیک شرما معدے کی تکلیف کے بعد صحت یاب ہو رہے ہیں اور ٹیم کے ساتھ کولمبو پہنچ چکے ہیں، تاہم ان کی شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب بارش کی پیشگوئی بھی برقرار ہے اور آسمان پر سیاہ بادل موجود ہیں، جس سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم شائقین کو امید ہے کہ موسم سازگار رہے گا اور روایتی حریفوں کے درمیان ایک مکمل اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔