جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا کہ دو، ایک سے سیریز جیتنا ٹیم کے لیے حوصلہ افزا ہے، خاص طور پر اس وقت جب ٹیم پہلے میچ میں خسارے میں جا چکی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف یہ ہے کہ ورلڈکپ سے پہلے بہترین کمبی نیشن تیار کیا جائے تاکہ ٹورنامنٹ میں مضبوط آغاز ہو۔
سلمان علی آغا نے بابر اعظم کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں خود بھی بابر کا مداح ہوں، وہ وہی کھلاڑی ہے جو پاکستان کو ورلڈکپ تک پہنچا سکتا ہے۔ بابر کی فارم میں واپسی ہم سب کے لیے خوشی کی بات ہے، ان کے ساتھ پارٹنرشپ کرنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ورلڈکپ کلاس کھلاڑی ہیں اور اگر وہ اسی فارم میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ جاری رکھتے ہیں تو صرف سیریز نہیں، وہ اپنی پرفارمنس سے ورلڈکپ بھی جتوا سکتے ہیں۔
سلمان آغا نے بتایا کہ ہمیں اپنا کمبی نیشن معلوم ہے، صرف کھلاڑیوں کو موقع دیا جا رہا ہے، ٹیم کے توازن میں تبدیلی نہیں کی جا رہی۔
مزید پڑھیں: ایک اور اعزاز بابر اعظم کے نام، ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے
ان کا کہنا تھا کہ دوسری اننگز میں ڈیو کی وجہ سے باؤلنگ کرنا مشکل ہوتا ہے، اسی لیے پہلے باؤلنگ کرنا فائدہ مند ہے۔
کپتان نے واضح کیا کہ ٹیم سری لنکا میں شیڈول ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے تیاری کر رہی ہے اور کوشش ہے کہ بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں تسلسل برقرار رکھا جائے۔







