پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کے مطابق قومی ٹیسٹ اسکواڈ جمعرات کے روز آرام کرے گا، جبکہ جمعہ 18 جولائی سے باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز کرے گا۔ سیریز کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان ٹیم 18 سے 21 جولائی تک چار روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلے گی تاکہ کھلاڑی مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو سکیں اور اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے سکیں۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ 25 جولائی سے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اس اہم سیریز کے لیے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب سیریز میں دوبارہ کپتان بننے والے پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کی کارکردگی بھی توجہ کا مرکز ہوگی۔ اعداد و شمار کے مطابق بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اب تک 8 ٹیسٹ میچوں کی 16 اننگز میں 464 رنز بنائے ہیں، جہاں ان کی اوسط 30.93 رہی ہے، جو ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کے خلاف ان کی سب سے کم بیٹنگ اوسط ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 75 رنز ہے، جبکہ وہ دو نصف سنچریاں بھی اس ٹیم کے خلاف بنا چکے ہیں۔
مزید پڑھیں : ’ٹیم باصلاحیت نوجوان کھلاڑی سے محروم‘، جنوبی افریقہ کے فٹبالر 25 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
دلچسپ امر یہ ہے کہ جب بھی بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ میں نصف سنچری اسکور کی، پاکستان نے وہ میچ اپنے نام کیا۔ ایسے میں شائقین کو امید ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان ایک بار پھر عمدہ کارکردگی دکھا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گے۔







