لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ بابر اعظم کے علاوہ بھی ٹیم میں دیگر کھلاڑی موجود ہیں، ان پر بھی بات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بگ بیش میں کارکردگی اچھی نہیں رہی تو اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، بابر اس وقت اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں۔

سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف یہ سیریز ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ تمام کھلاڑیوں کے رولز واضح ہیں اور ہمیں بخوبی علم ہے کہ کس کھلاڑی سے کیا کام لینا ہے۔

سیریز کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مچل مارش نے کہا کہ پاکستان کی بولنگ ہمیشہ سے مضبوط رہی ہے، خاص طور پر فاسٹ بولنگ میں پاکستان کی ایک شاندار تاریخ ہے۔ انہوں نے شاہین آفریدی کو ایک بہترین بولر قرار دیا۔

مچل مارش نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہے۔ یہاں موسم سرد ہے اور ہم گرم کپڑے بھی ساتھ نہیں لائے۔

آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ کل کے میچ میں وہ کھیلیں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ہم اچھی تیاری کے ساتھ آئے ہیں اور سیریز یقیناً دلچسپ ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز کل سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو رہا ہے، جب کہ دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بالترتیب ہفتہ 31 جنوری اور اتوار یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔ تمام میچز کا آغاز شام 4 بجے ہوگا۔