آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان شیڈول واحد وارم اپ میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا۔

کولمبو میں مسلسل موسلا دھار بارش اور آؤٹ فیلڈ کی خراب صورتحال کے سبب ٹاس بھی ممکن نہ ہو سکا، جس کے بعد امپائرز نے بغیر کوئی گیند کرائے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ میچ سری لنکا کی کنڈیشنز میں قومی ٹیم کے لیے واحد پریکٹس کا موقع تھا، جو ضائع ہو گیا۔

وارم اپ میچ کی منسوخی کے باعث پاکستان ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل مقامی حالات کے مطابق تیاری کا موقع نہیں مل سکا، جسے ٹیم مینجمنٹ کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان اب براہِ راست ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں اپنی مہم کا آغاز 7 فروری 2026 کو نیدرلینڈز کے خلاف کولمبو میں ہی کرے گا۔ اسی وینیو پر گرین شرٹس اپنے مزید دو گروپ میچز 10 فروری کو امریکا اور 18 فروری کو نامیبیا کے خلاف کھیلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11، ٹیموں نے برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا

یاد رہے کہ پاکستان کو 15 فروری کو کولمبو میں اپنے روایتی حریف بھارت کے خلاف گروپ میچ کھیلنا تھا، تاہم حکومتِ پاکستان نے قومی ٹیم کو انڈیا کے خلاف میچ کھیلنے سے روک دیا ہے۔

قومی ٹیم کے لیے یہ صورتحال اس لحاظ سے بھی چیلنج بن سکتی ہے کہ وہ بغیر کسی وارم اپ میچ کے براہِ راست بڑے ٹورنامنٹ میں اترے گی، جہاں ہر میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔