سڈنی تھنڈرز کے خلاف میچ کے دوران 11ویں اوور میں بابر اعظم نے مسلسل تین گیندیں ڈاٹ کھیلنے کے بعد آخری گیند پر رن لینے کی کوشش کی، مگر دوسرے اینڈ پر موجود اسٹیو اسمتھ نے رن لینے سے انکار کر دیا۔اوور ختم ہونے کے بعد جب دونوں کھلاڑیوں کے درمیان گفتگو ہوئی تو بابر اعظم نے اسمتھ کے فیصلے پر واضح ناگواری کا اظہار کیا۔

اس واقعے کے فوراً بعد 12ویں اوور میں اسٹیو اسمتھ نے زبردست فارم دکھاتے ہوئے رائن ہیڈلے کو چار لگاتار چھکے جڑ دیے اور ایک ہی اوور میں 32 رنز بنا ڈالے۔

بابر اعظم، جو اسمتھ سے رن نہ لینے پر ناراض دکھائی دے رہے تھے، جب 13ویں اوور میں اسٹرائیک پر آئے تو نیتھن مک اینڈریو کی پہلی ہی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

بگ بیش لیگ کے 37ویں میچ میں سڈنی سکسرز نے اسٹیو اسمتھ کی 42 گیندوں پر شاندار سنچری کی بدولت سڈنی تھنڈرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

سوشل میڈیا صارفین اس پورے واقعے کو دلچسپ اور ڈرامائی قرار دے رہے ہیں، جب کہ کئی کرکٹ شائقین اسمتھ کے فیصلے اور بابر کے ری ایکشن پر بحث کر رہے ہیں۔