انڈیااور جنوبی افریقہ کے درمیان ایڈن گارڈنز میں کھیلے جانے والے ابتدائی ٹیسٹ کے پہلے دن انڈین فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے متنازعہ تبصرہ کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ باووما کے ایل بی ڈبلیو مسترد ہونے کے بعد انڈین کھلاڑی ریویو لینے یا نہ لینے پر مشورہ کر رہے تھے، اسی دوران بمراہ نے باووما کے قد کا مذاق اڑاتے ہوئے نازیبا الفاظ استعمال کیے۔

بمراہ کا یہ عمل آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ آرٹیکل 2.1.4 کے تحت آ سکتا ہے، جو کھلاڑیوں اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے لیے نامناسب زبان یا حرکات سے متعلق ہے۔ یہ خلاف ورزی لیول ون جرم شمار ہوتی ہے، جس کی سزا میں شامل ہیں میچ فیس کا 50 فیصد تک جرمانہ، ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس دئیے جاتے ہیں۔

یہ بھی قابل ذکر ہے کہ جسپریت بمراہ کو حال ہی میں ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان کے خلاف آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی لیول ون خلاف ورزی پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ مل چکا ہے۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق، اگر کوئی کھلاڑی 24 ماہ میں چار یا اس سے زیادہ ڈی میرٹ پوائنٹس جمع کر لیتا ہے تو یہ پوائنٹس معطلی پوائنٹس میں تبدیل ہو جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں کھلاڑی پر ایک ٹیسٹ، دو ون ڈے اور  دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔

اگر آئی سی سی نے اس ویڈیو کو قابلِ اعتراض قرار دیا تو بمراہ پر پابندی کا خطرہ حقیقی ہو سکتا ہے۔