سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انہوں نے تباہ کن اسپیل کے ساتھ حریف بیٹنگ لائن کو ڈھیر کردیا۔

چٹاگرام رائلز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 17.5 اوورز میں صرف 102 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر محمد نعیم 20 گیندوں پر 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جب کہ مرزا بیگ نے 24 گیندوں پر 20 رنز جوڑے، تاہم دیگر بیٹرز ناکام رہے۔

رانگپور کی جانب سے فہیم اشرف سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 3.5 اوورز میں صرف 17 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ مستفیض الرحمٰن نے بھی تین اوورز میں دو وکٹیں حاصل کیں۔

جوابی بیٹنگ میں رانگپور رائیڈرز نے ہدف 15 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کر لیا۔ ڈیوڈ ملان نے 48 گیندوں پر 51 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔

فہیم اشرف کو شاندار بولنگ کی بدولت میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔