ملاقات کے دوران سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) فہیم العزیز، چیئرمین پی سی بی کے مشیر عامر میر، چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان سپر لیگ سلمان نصیر بھی موجود تھے۔

گفتگو کے دوران سری لنکن وزارتِ کھیل کے ساتھ اشتراکِ کار کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا، جب کہ دونوں ممالک نے کھیلوں کے شعبے میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات میں گرمجوشی آ رہی ہے اور کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے ذریعے باہمی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔ 

انہوں نے سری لنکا میں ملنے والی محبت اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے موقع پر بہترین انتظامات کو سراہا۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے سری لنکن وزیر کھیل کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

علاوہ ازیں محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو ہر شعبے میں فروغ دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں ورلڈ کپ کے میچز سری لنکا میں کھیل رہی ہے، جب کہ چیئرمین پی سی بی پاک بھارت میچ دیکھنے کے سلسلے میں سری لنکا کے دورے پر ہیں۔