اکتوبر میں رونالڈو نے دنیا کے پہلے کھرب پتی فٹ بالر ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ رونالڈو کی دولت کا تخمینہ 1.4 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تین کھرب 93 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی منگیتر جارجینا نے سعودی عرب کے مغربی ساحل پر واقع دو لگژری ولاز خرید لیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ ولاز نُجوما میں واقع ہیں، جو سعودی عرب کی مین لینڈ سے تقریباً 26 کلومیٹر دور ہے اور یہاں تک رسائی صرف چارٹرڈ کشتی یا جہاز کے ذریعے ممکن ہے، جس کی وجہ سے یہ علاقہ انتہائی نجی اور پُرسکون سمجھا جاتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رونالڈو اور جارجینا نے دو لگژری ولاز خریدے ہیں، جن میں ایک تین بیڈ رومز پر مشتمل ہے جو پورے خاندان کے استعمال کے لیے ہوگا، جب کہ دوسرا دو بیڈ رومز کا ولا نجی اور مختصر قیام کے لیے خریدا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان لگژری ولاز کی ابتدائی قیمت 1 کروڑ 55 لاکھ سعودی ریال بتائی جا رہی ہے، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ رونالڈو نے اپنے دونوں ولاز کے لیے مجموعی طور پر کتنی رقم ادا کی۔

واضح رہے کہ اس لگژری ریزورٹ میں صرف 19 نجی ولاز موجود ہیں، جو عالمی معیار کے ڈیزائن، خصوصی سہولیات اور قدرتی ماحول کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔

ولاز خریدنے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ جب ہم پہلی بار یہاں آئے تو جارجینا اور میں نے فوراً اس جزیرے اور اس کی قدرتی خوبصورتی سے ایک خاص تعلق محسوس کیا۔ یہ ایسی جگہ ہے جہاں ہمیں سکون ملتا ہے۔ اب یہاں ہمارا اپنا گھر ہے، تو ہم جب چاہیں اطمینان کے ساتھ خاندان کے ساتھ معیاری وقت گزار سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں سال سعودی کلب النصر کی نمائندگی کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو نے ہمیشہ کے لیے سعودی عرب میں رہنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔