قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ایونٹ کے دوسرے ناک آؤٹ مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین نے عثمان خان اور کوشل پریرا کی شاندار 101 رنز کی شراکت کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کیے۔

کنگز مین کی جانب سے عثمان خان نے 61 رنز کی شاندار ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جبکہ کوشل پریرا 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دیگر بلے بازوں میں کپتان مارنس لبوشین 39، صائم ایوب 38، گلین میکسویل 3 اور معاذ صداقت صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ کرس گرین، رچرڈ گلیسن اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسری جانب ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ سات وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز ہی بنا سکی۔

حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے حنین شاہ نے آخری اوور میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی اور یوں ٹورنامنٹ میں پہلی بار شرکت کرنے والی ٹیم نے پہلی مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔