پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے افتتاحی میچ میں مدمقابل ہیں۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کر رہے ہیں، جب کہ سری لنکن ٹیم کی کپتانی کوشال مینڈس کے سپرد ہے۔

ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کرتے، کیونکہ اس طرح انہیں کنڈیشنز کا بہتر اندازہ ہو جاتا۔

انہوں نے کہا کہ وہ بطور کپتان اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوالے سے پراعتماد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کپتان ہوں یا عام کھلاڑی، کرکٹ کو انجوائے کرتے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے رضا اللہ اور محمد عمران رندھاوا ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کر رہے ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 31 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں پاکستان نے 18 جبکہ سری لنکا نے 13 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلہ رواں سال آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں ہوا تھا، جس میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 5 رنز سے شکست دی تھی۔