پاکستان نے 111 رنز کا ہدف صرف 14ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپنر صائم ایوب نے دھواں دار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 71 رنز بنائے، جب کہ بابر اعظم 11 رنز بنا کر کریز پر موجود رہے، جب کہ صاحب زادہ فرحان 23 گیندوں پر 28 رنز بنا کر کوربن بوش کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل پاکستانی باؤلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو صرف 110 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
Pakistan win the second T20I by 9 wickets, the series decider to be played tomorrow in Gaddafi Stadium, Lahore 🏟️#PAKvSA | #GreenPeYaqeen | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/JStIgnpRM3
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 31, 2025
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا مقابلہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 111 رنز کا ہدف دے دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں ابتدائی دھچکا فاسٹ باؤلر سلمان مرزا نے دیا، جنہوں نے دوسری ہی گیند پر ریزا ہنڈریکس کو کلین بولڈ کر کے جنوبی افریقی بیٹنگ لائن کو ہلا کر رکھ دیا۔
انہوں نے صرف 14 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں، جب کہ فہیم اشرف نے 23 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے میزبان ٹیم کی برتری مزید مستحکم کر دی۔
نسیم شاہ نے بھی عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے دوشکار کیے، جب کہ ابرار احمد کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
پروٹیز بیٹرز کو پاکستانی باؤلرز نے ابتدا سے آخر تک کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 110 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بلے بازوں میں ڈیوالڈ بریوس نے سب سے زیادہ 25 رنز بنائے، جب کہ کپتان ڈیونون فریرا 15، جارج لینڈے نو اور کوربن بوش 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اوپنر ڈی کاک اور ٹونی ڈی زورزی سات، سات رنز بنا کر پویلین لوٹے، جب کہ میتھیو بریٹزکے 10 رنز بنا سکے۔
پاکستانی باؤلرز کی نپی تلی اور منصوبہ بند باؤلنگ کے باعث جنوبی افریقی بیٹرز ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دی تھی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقی ٹیم نے 195 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 19ویں اوور میں 139 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔







