کھیل کے اختتام پر جسٹن گریوز 64 اور کپتان روسٹن چیز 36 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست شراکت نے ویسٹ انڈیز کی پوزیشن مستحکم کر دی۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی ویسٹ انڈیز کو پاکستانی بولرز نے ابتدا میں مشکلات سے دوچار رکھا۔ اوپنر ٹیگنرائن چندرپال 15 رنز بنا کر محمد علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جبکہ برینڈن کنگ 46 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد علی عثمان کا شکار بنے۔
دیگر بیٹرز میں کاویم ہوج 10، عامر جنگو 26 اور شائی ہوپ 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ایک مرحلے پر ویسٹ انڈیز کی پانچ وکٹیں 173 رنز پر گر چکی تھیں، تاہم جسٹن گریوز اور روسٹن چیز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مزید نقصان سے بچایا اور دن کا اختتام 239 رنز پر کیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد علی نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی عثمان، ساجد خان اور عبید شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ دو میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو 1-0 کی برتری حاصل ہے، جبکہ سیریز برابر کرنے کے لیے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی درکار ہے۔







