جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے دن راولپنڈی میں پاکستان نے شاندار آغاز کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 95 رنز بنالیے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم 35 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 17 رنز بنا کر اسپنر سائمن ہارمر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
کھانے کے وقفے تک شان مسعود 38 اور عبداللہ شفیق 37 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان نے میچ میں ایک تبدیلی کی ہے، فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ اسپنر آصف آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو جینسن اور کیشو مہاراج ٹیم میں واپس آئے ہیں، جبکہ ویان ملڈر اور پرینیلائن سبرائن کو ڈراپ کیا گیا ہے۔
آصف آفریدی کا تاریخی ڈیبیو
38 سال اور 299 دن کی عمر میں ڈیبیو کرنے والے آصف آفریدی پاکستان کی جانب سے کھیلنے والے دوسرے عمر رسیدہ ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں سب سے اوپر میراں بخش ہیں جنہوں نے 47 سال اور 284 دن کی عمر میں ڈیبیو کیا تھا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون:
عبداللہ شفیق، امام الحق، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، نعمان علی، ساجد خان، آصف آفریدی، شاہین شاہ آفریدی۔
جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون:
ایڈن مارکرم، ریان رکلٹن، ٹرسٹن اسٹبز، ٹونی ڈی زورزی، ڈیوالڈ بریوس، کائل ویریین، سینوران متھوسوامی، مارکو جینسن، سائمن ہارمر، کیشو مہاراج، کگیسو ربادا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے، جنوبی افریقہ کی ٹیم 269 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ دوسری اننگز میں پاکستان 167 رنز بنا سکا اور مہمان ٹیم کو 277 رنز کا ہدف دیا، تاہم پروٹیز ٹیم 183 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔







