اسپین کے مایہ ناز کھلاڑی ابھی تک اسپین کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک میچ بھی نہیں ہارے
فرانس کے خلاف ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں فتح کے بعد فابیان روئز کا اسپین کی قومی ٹیم کے ساتھ ناقابلِ شکست سفر مسلسل جاری ہے اور اب یہ سلسلہ 49 میچز تک پہنچ چکا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے برازیل کے لیجنڈ گارینشا کے عالمی ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔
فابیان روئز نے 2019 میں اسپین کے لیے بین الاقوامی ڈیبیو کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اب تک ایک بھی میچ نہیں ہارے۔ اس دوران وہ اسپین کے لیے کئی اہم ٹورنامنٹس میں کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں۔
اس سے قبل اسپین کی تاریخ میں قومی کیریئر کے آغاز سے سب سے طویل ناقابلِ شکست سلسلے کا ریکارڈ خولین گوریرو کے پاس تھا، جو اپنے ابتدائی 37 میچز میں شکست سے محفوظ رہے تھے، تاہم فابیان روئز یہ ریکارڈ کافی پہلے اپنے نام کر چکے ہیں۔
عالمی سطح پر یہ اعزاز طویل عرصے تک صرف برازیل کے عظیم ونگر گارینشا کے پاس تھا، جنہوں نے 1955 سے 1966 کے درمیان برازیل کے لیے اپنے ابتدائی 49 میچز میں شکست کا سامنا نہیں کیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس عرصے میں برازیل مجموعی طور پر کئی میچ ہارا، مگر گارینشا کسی بھی شکست والے میچ کا حصہ نہیں تھے۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ: مصدق حسین، نیتھن اسمتھ اور شبھمن گل نامزد
اب تمام نظریں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل پر مرکوز ہیں، جہاں اگر فابیان روئز اسپین کی جانب سے میدان میں اترتے ہیں اور ٹیم شکست سے بچ جاتی ہے تو وہ 50 مسلسل بین الاقوامی میچز تک ناقابلِ شکست رہنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن جائیں گے اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے۔







