ارجنٹینا مسلسل دوسرے ورلڈ کپ فائنل میں پہنچا ہے۔ لیونل اسکالونی کی ٹیم نے ناک آؤٹ مرحلے میں کیپ وردے، مصر، سوئٹزرلینڈ اور انگلینڈ کو سخت مقابلوں کے بعد شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ 39 سالہ لیونل میسی نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولز، اسسٹ اور فیصلہ کن لمحات سے اپنی ٹیم کو کامیابیاں دلائیں۔
دوسری جانب یورپی چیمپئن اسپین شاندار فارم میں ہے اور مسلسل 37 بین الاقوامی میچوں سے ناقابلِ شکست ہے۔ کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے کی زیرِ قیادت اسپین نے بہترین اجتماعی کھیل، تیز رفتار پاسنگ اور مضبوط دفاع کے ذریعے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔
فائنل کا ایک بڑا مرکزِ نگاہ اسپین کے 19 سالہ ونگر لامین یامال ہوں گے، جنہوں نے مختصر کیریئر میں غیرمعمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا بھر کی توجہ حاصل کی ہے۔ ان کا موازنہ بارسلونا کی مشہور اکیڈمی لا ماسیا کے عظیم ترین فارغ التحصیل لیونل میسی سے کیا جا رہا ہے، جس سے اس مقابلے کی دلچسپی مزید بڑھ گئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ٹیموں کے کوچز کے درمیان بھی ایک منفرد تعلق موجود ہے۔ ارجنٹینا کے کوچ لیونل اسکالونی ماضی میں ہسپانوی فٹبال فیڈریشن کے کوچنگ کورس کے دوران لوئس ڈی لا فوئنٹے کے شاگرد رہ چکے ہیں، جبکہ اب دونوں ورلڈ کپ ٹائٹل کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔
میچ نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں پچ کے معیار اور گرم و مرطوب موسم کو بھی اہم عوامل قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر اسپین اپنی روایتی پاسنگ فٹبال مسلط کرنے میں کامیاب رہا تو اسے برتری حاصل ہوگی، جبکہ ارجنٹینا مقابلے کو سخت اور جذباتی انداز میں کھیل کر فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا
مزید پڑھیں: ورلڈ کپ فاتح ٹیم کو پہلی بار خصوصی چیمپئن رنگز دی جائیں گی
فٹبال شائقین کی نظریں ایک بار پھر لیونل میسی پر ہوں گی، جو ممکنہ طور پر اپنے آخری ورلڈ کپ میچ میں ایک اور عالمی ٹائٹل جیت کر اپنے شاندار کیریئر کا یادگار اختتام کرنا چاہتے ہیں، جبکہ اسپین دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے اور اپنی ناقابلِ شکست مہم کو تاریخی کامیابی میں بدلنے کے لیے پُرعزم ہے۔






