فیفا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ نیپالی فٹبال کے انتظامی امور میں بیرونی مداخلت کے الزامات اور طویل عرصے سے جاری تنازع کے بعد کیا گیا۔ اس سے قبل نیشنل اسپورٹس کونسل نے بھی اے این ایف اے کو تین ماہ کے لیے معطل کیا تھا، تاہم بعد میں یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا تھا۔
فیفا نے اپنے بیان میں کہا کہ کونسل بیورو نے فیفا قوانین کے آرٹیکل 14 کی شق 1 اور شق 3 کے تحت تیسرے فریق کی واضح مداخلت کے باعث اے این ایف اے کی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق نیپال فٹبال ایسوسی ایشن فیفا کی رکنیت سے حاصل تمام حقوق سے محروم ہو گئی ہے۔ اس پابندی کے نتیجے میں نیپال کی قومی اور کلب سطح کی ٹیمیں کسی بھی بین الاقوامی مقابلے میں شرکت نہیں کر سکیں گی، جب تک معطلی ختم نہیں کر دی جاتی۔
FIFA suspended Nepal s football association on Wednesday, barring the country from all international competitions over "undue interference by a third party," officials said Thursday, citing flagrant violations of FIFA statutes. (1/4) pic.twitter.com/MyUzqj0Frl
— Pakistan TV Digital (@PakistanTVcom) June 25, 2026
فیفا نے مزید واضح کیا کہ پابندی کے دوران اے این ایف اے، اس کے رکن ادارے اور عہدیداران نہ تو فیفا اور نہ ہی ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے ترقیاتی پروگراموں، تربیتی کورسز یا مالی معاونت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
فیفا نے اپنی تمام رکن تنظیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ معطلی کے دوران اے این ایف اے یا اس سے وابستہ ٹیموں کے ساتھ کسی بھی قسم کے کھیلوں کے روابط قائم نہ کریں۔
فیفا کا کہنا ہے کہ معطلی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک نیپال فٹبال ایسوسی ایشن اپنے انتظامی معاملات میں مکمل خودمختاری بحال کرنے اور فیفا کے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی نہیں بناتی۔







