یہ فائنل کئی حوالوں سے تاریخی قرار دیا جا رہا ہے۔ ایک جانب 39 سالہ لیونل میسی اپنے کیریئر کا ممکنہ آخری ورلڈ کپ میچ کھیلیں گے، تو دوسری جانب صرف 19 سالہ لامین یامال عالمی فٹبال کے نئے سپر اسٹار کے طور پر اپنی پہچان بنانے کے لیے میدان میں اتریں گے۔

اس ٹاکرے کو ٹورنامنٹ کی بہترین اٹیک اور مضبوط ترین دفاع کی جنگ بھی کہا جا رہا ہے۔ ارجنٹائنا نے اب تک سب سے زیادہ 19 گول کیے ہیں، جب کہ اسپین نے پورے ٹورنامنٹ میں صرف ایک گول کھایا ہے۔

میچ کہاں کھیلا جائے گا؟

ورلڈ کپ کا فائنل امریکی ریاست نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جسے فیفا ورلڈ کپ کے دوران نیو یارک-نیو جرسی اسٹیڈیم کا نام دیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم میں تقریباً 82 ہزار 500 شائقین کی گنجائش ہے۔

کس ٹیم کا پلڑا بھاری؟

اعداد و شمار کے مطابق دونوں ٹیمیں اب تک 16 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں۔ ارجنٹائنا کی فتوحات: 6، اسپین کی فتوحات: 6 جب کہ ڈرا: 2 ہوئے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری پانچوں مقابلے دوستانہ نوعیت کے تھے، جن میں 2018 میں اسپین نے ارجنٹائنا کو 6-1 سے شکست دی تھی، جب کہ 2010 میں ارجنٹائنا نے اسپین کو 4-1 سے ہرایا تھا۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں صرف ایک بار آمنے سامنے آئیں، جب 1966 کے عالمی کپ میں ارجنٹائنا نے اسپین کو 2-1 سے شکست دی تھی۔

کس کے پاس کتنے عالمی اعزاز؟

ارجنٹائنا تین مرتبہ 1978، 1986 اور 2022 میں ورلڈ کپ جیت چکا ہے، جب کہ اسپین نے اپنا واحد عالمی ٹائٹل 2010 میں حاصل کیا تھا۔

کن کھلاڑیوں پر نظریں؟

ارجنٹائنا کی امیدوں کا مرکز ایک بار پھر لیونل میسی ہیں، جو اب تک 8 گول اور 4 اسسٹ کے ساتھ ٹورنامنٹ کے نمایاں ترین کھلاڑی ہیں۔ ان کے علاوہ لاؤتارو مارٹینیز اور اینزو فرنانڈیز بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اسپین کے لیے میکل اویارزابال پانچ گول کر کے ٹیم کے ٹاپ اسکورر ہیں، جبکہ روڈری مڈفیلڈ میں شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ نوجوان اسٹار لامین یامال بھی کسی بھی لمحے میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سپر کمپیوٹر کی پیشگوئی

اعداد و شمار پر مبنی اوپٹا سپر کمپیوٹر کے مطابق اسپین کو ورلڈ کپ جیتنے کے 59.46 فیصد امکانات حاصل ہیں، جب کہ ارجنٹائنا کے اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے امکانات 40.54 فیصد بتائے گئے ہیں۔

اگر میچ برابر رہا تو؟

اگر مقررہ 90 منٹ کے بعد مقابلہ برابر رہا تو دونوں ٹیموں کے درمیان 30 منٹ کا اضافی وقت کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد بھی فیصلہ نہ ہونے کی صورت میں ورلڈ کپ چیمپئن کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے ہوگا۔

آج کا فائنل صرف ایک ٹرافی کی جنگ نہیں بلکہ میسی کے سنہری دور اور یامال کے ممکنہ نئے عہد کے درمیان ایک تاریخی مقابلہ بھی تصور کیا جا رہا ہے۔