تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈکپ 2026 کا افتتاحی میچ میزبان ملک میکسیکو اور جنوبی افریقا کے درمیان 11 جون کو کھیلا جائے گا۔ مشترکہ میزبانی کرنے والے تینوں ممالک میکسیکو، کینیڈا اور امریکا کو الگ الگ گروپس میں رکھا گیا ہے۔

میگا ایونٹ کے دوران ٹیمیں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلیں گی، جو ورلڈکپ کی تاریخ کا سب سے بڑا فارمیٹ ہے۔

ڈراز کی تقریب کا آغاز موسیقی کے ساتھ ہوا اور امریکی معروف بینڈ کی خصوصی پرفارمنس نے شرکا کو محظوظ کیا۔ تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ کینیڈا اور میکسیکو کے وزرائے اعظم نے بھی شرکت کی، جس سے تقریب کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گیا۔

اس بار فیفا نے ڈراز کے عمل میں چند نئے قوانین بھی شامل کیے ہیں۔ ان قواعد کے مطابق ایک ہی گروپ میں صرف ایک افریقی اور ایک ایشین ٹیم شامل ہوسکتی ہے۔

دنیا کی ٹاپ چار ٹیمیں ارجنٹینا، فرانس، اسپین اور انگلینڈ سیمی فائنل سے قبل کسی گروپ میں آمنے سامنے نہیں آسکیں گی، یعنی انہیں مختلف گروپس میں رکھا گیا ہے۔

فیفا ورلڈکپ 2026 کے میچز 11 جون 2026 سے 19 جولائی 2026 تک جاری رہیں گے، جب کہ فائنل امریکا میں کھیلا جانے کا امکان ہے۔